ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن سفید چینی درآمد کرنے کے لیے نیا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ اس ٹینڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ کامیاب بولی دہندہ کو 31 جولائی تک 5 فیصد سیکیورٹی گارنٹی جمع کرانی ہوگی۔ ساتھ ہی اسرائیل اور بھارت سے چینی کی درآمد پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
ترجمان ٹی سی پی کے مطابق یہ دوسرا بڑا بین الاقوامی ٹینڈر ہے جس کے تحت کم از کم 25 ہزار میٹرک ٹن سفید چینی درآمد کی جا سکے گی۔ چینی نئے 50 کلوگرام بیگ میں ہونی چاہیے اور اس کی درآمد 21 اگست سے 5 ستمبر کے درمیان کی جائے گی۔ تمام شپمنٹس کو ہر صورت 30 ستمبر تک پاکستان پہنچانا ہوگا۔
مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا کہ درآمد کے لیے یا تو دو الگ الگ شپمنٹس، ہر ایک 25 ہزار میٹرک ٹن کی، یا ایک واحد شپمنٹ 50 ہزار میٹرک ٹن کی ہو سکتی ہے۔
ٹی سی پی کی ہدایات کے مطابق، اگر شپمنٹ میں تاخیر ہوئی تو درآمد کنندہ کو روزانہ کی بنیاد پر فی میٹرک ٹن 0.25 امریکی ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ چینی درآمد کرنے کے لیے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کھولنے کی ذمہ داری بھی ٹی سی پی خود ادا کرے گی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ درآمد شدہ سفید چینی کا معیار پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کے ضوابط کے مطابق ہونا لازمی ہے۔