کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں بدھ کے روز بھرپور تیزی دیکھنے میں آئی، جب ہنڈریڈ انڈیکس پہلی بار 140,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا، جو ملکی سرمایہ مارکیٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
کاروباری دن کے دوران انڈیکس 140,120 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد معاشی اشاریوں میں بہتری، حکومتی اصلاحات، اور آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت پیش رفت کے باعث بڑھا ہے۔
گزشتہ روز (منگل) کو بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا، جب انڈیکس میں 412 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور دن کا اختتام 139,470 پوائنٹس پر ہوا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، روپے کی قدر میں استحکام، مہنگائی کی شرح میں کمی اور بینکنگ و توانائی سیکٹر میں غیر ملکی دلچسپی نے مارکیٹ کو سہارا دیا ہے۔ مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاری (FIPI) میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو اگلے مرحلے میں انڈیکس 145,000 پوائنٹس کا ہدف حاصل کر سکتا ہے