سرگودھا میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے واقعے سے متعلق مقدمے میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف ملک احمد خان بھچر سمیت 70 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ مقدمہ نمبر 72/2023 میں سنایا گیا، جو کہ ضلع میانوالی کے علاقے موسیٰ خیل کے تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
مذکورہ مقدمہ میں ملزمان پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، اور سرکاری و نجی املاک کو نذر آتش کرنے جیسے الزامات تھے، جنہیں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت شامل کیا گیا تھا۔
عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما ملک احمد خان بھچر کے ساتھ ساتھ سینٹرل پنجاب کے صدر احمد چٹھہ، اور سیکرٹری جنرل بلال اعجاز سمیت 70 کارکنوں کو بھی سزائیں سنائیں۔
ملک احمد خان بھچر کو 9 مئی کے واقعے سے متعلق مقدمے میں 10 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد ان کی نااہلی اور پنجاب اسمبلی سے ڈی سیٹ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے پورے ملک میں شدید احتجاج شروع ہوا تھا۔
احتجاج کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو نذر آتش کیا گیا، جبکہ مختلف فوجی، سول، اور نجی تنصیبات پر بھی حملے کیے گئے۔ اس پرتشدد احتجاج کے نتیجے میں سرکاری و نجی املاک کو بھاری نقصان پہنچا، کم از کم آٹھ افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے۔
ان واقعات کے بعد ملک بھر سے 1900 افراد کو ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ اور ریاستی اداروں پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جبکہ عمران خان، ان کے قریبی ساتھیوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مختلف مقدمات قائم کیے گئے۔
اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے خلاف سنائے گئے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمے پر دیا گیا، جو آئین و قانون سے انحراف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خلاف قانونی تقاضے پورے کیے بغیر سزا سنائی گئی، اور 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد حکومت نے عدلیہ کو مکمل طور پر اپنے اختیار میں لے لیا ہے۔ ان کے مطابق 9 مئی جیسے سیاسی مقدمات میں ایسے ہی فیصلوں کی توقع کی جا سکتی ہے۔
ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ فیصلے کی مکمل تحریر موصول ہونے کے بعد وہ اعلیٰ عدالت سے رجوع کریں گے، اور ابھی ان کی نااہلی کے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔