اختلافات ختم اور تحریک پر توجہ دیں،عمرا ن خان کی پارٹی رہنمائوں کوہدایت

راولپنڈی۔پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی اختلافات کو ختم کر کے پارٹی کی تحریک پر مکمل توجہ مرکوز کریں، ایسے وقت میں جب لاہور میں ہونے والے حالیہ اجلاس کے بعد پارٹی کے اندر اختلافات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ سابق وزیرِاعظم نے دو واضح پیغامات دیے ہیں۔

انہوں نے عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:”لاہور کی بیٹھک پر جان بوجھ کر اختلافات پیدا کیے جا رہے ہیں۔ ذاتی جھگڑوں کا خاتمہ کریں اور مکمل طور پر تحریک پر توجہ دیں۔”

علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان نے جیل میں اپنے اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی تنقید کی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ:”جیل سپرنٹنڈنٹ اور ایک افسر نے ہمارے بنیادی انسانی حقوق سلب کیے ہیں۔ میرے ساتھ جو سلوک ہوا ہے، اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ یہ سب کسی ایک فرد کے حکم پر ہو رہا ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے لاہور اجلاس میں 300 پارٹی ارکانِ پارلیمنٹ کی شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا، لیکن ساتھ ہی خبردار کیا کہ جو کوئی بھی پارٹی میں انتشار پیدا کرے گا، اُس سے ذاتی طور پر نمٹا جائے گا۔

“ہم جیل میں قید ہیں اور تم باہر بیٹھ کر پارٹی میں پھوٹ ڈال رہے ہو، یہ ناقابلِ قبول ہے،” علیمہ نے عمران خان کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا۔

انہوں نے مزید کہا:”ہم دو سال سے جیل آ جا رہے ہیں۔ ہمارا خاندان پارٹی کے فیصلوں کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عمران خان کی رہائی کا راستہ ہموار کیا جائے اور جیل انتظامیہ کے غیر انسانی سلوک کو روکا جائے۔”

دوسری جانب، پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے لاہور کے اجلاس کے حوالے سے ٹویٹ کرنے پر پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر علیا حمزہ کو عوامی سطح پر تنبیہ کی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان راجہ نے پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے تناؤ پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا: “علیا حمزہ کو لاہور کے اجلاس کے بارے میں ٹویٹ نہیں کرنی چاہیے تھی۔ پوری گفتگو ہی غیر ضروری اور غیر سنجیدہ تھی۔ اگر آئندہ ایسا کچھ ہوا تو ہم ضابطے کی کارروائی کریں گے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں