اسلام آباد ۔اٹلس ہونڈا اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے، یاماہا موٹر پاکستان نے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
یہ اضافہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں متعارف کرائی گئی تبدیلیوں، بشمول نیو انرجی وہیکل (NEV) لیوی کے نفاذ کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔
تازہ ترین قیمتوں کے مطابق، کمپنی کی YB125Z (ریڈ/بلیک) ماڈل کی نئی قیمت 4 لاکھ 29 ہزار روپے ہو گئی ہے، جس میں 65,441 روپے سیلز ٹیکس اور 4,057 روپے NEV لیوی شامل ہیں۔
یاماہا YB125Z DX (ریڈ/بلیک/گرے) ماڈل کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے، جو اب 4 لاکھ 59 ہزار 500 روپے ہو چکی ہے۔
یاماہا کی YBR125 (ریڈ/گرے/بلیک) اب 4 لاکھ 71 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہوگی، جب کہ YBR125G (بلیک) کی نئی قیمت 4 لاکھ 90 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
YBR125G (میٹ) اس لائن اپ کا سب سے مہنگا ماڈل بن کر سامنے آیا ہے، جس کی قیمت نئے ٹیکسوں کے بعد 4 لاکھ 93 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، ڈی ایس موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے برانڈ “یونیک” نے بھی اپنی UD-70cc موٹر سائیکل کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں 3,000 روپے کا اضافہ کر دیا ہے، جو 18 جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
کمپنی نے ڈیلرز کو جاری نوٹس میں قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کے طور پر بجٹ میں حالیہ ٹیکسیشن اقدامات، پیداواری لاگت میں اضافہ، درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ اور موجودہ معاشی صورتحال کو قرار دیا ہے۔