پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک مرتبہ پھر اپنے متنازع بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی کمائی میں برکت نہیں پائی جاتی۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے صائمہ قریشی نے وضاحت کی کہ وہ اب بھی اسی رائے پر قائم ہیں کہ اصل برکت مرد کی آمدن میں ہوتی ہے۔
انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ “میں ایک سنگل مدر ہوں اور مجھے اپنی ضروریات خود پوری کرنی پڑتی ہیں۔ اسی تجربے کی بنیاد پر میرا ماننا ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔ اگر واقعی برکت ہوتی تو آج میں اپنے گھر کی مالک ہوتی لیکن اب بھی کرائے کے مکان میں رہ رہی ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مؤقف صرف ان خواتین کے حوالے سے ہے جو مکمل طور پر اکیلے کما رہی ہیں۔ ان کے مطابق “جو خواتین خوش ہیں اور سمجھتی ہیں کہ ان کی آمدن میں برکت ہے، دراصل انہیں کسی نہ کسی سطح پر خاندانی مدد یا شوہر کی معاونت حاصل ہوتی ہے۔”
میزبان کے ایک اور سوال پر کہ اگر وہ مرد ہوتیں تو کیا اپنا گھر بنا پاتیں؟ صائمہ قریشی نے جواب دیا، “ممکن ہے کہ اگر میں مرد ہوتی تو اپنا گھر بنا لیتی۔ مجھے اب بھی یہی یقین ہے کہ مرد کی کمائی میں زیادہ برکت ہوتی ہے۔”
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اداکارہ پہلے ہی اس مؤقف پر عوامی ردعمل اور تنقید کا سامنا کر رہی ہیں۔ صائمہ قریشی کا کہنا ہے کہ ان کی بات خواتین کی حوصلہ شکنی کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی تجربات اور معاشرتی حقیقتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہے۔