آدھے سے زیادہ بیوروکریٹس پرتگال میں پراپرٹی لے چکے، وزیر دفاع کا بڑا انکشاف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیوروکریسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی نصف سے زائد اعلیٰ سرکاری افسران پرتگال میں جائیدادیں خرید چکے ہیں اور اب وہ وہاں کی شہریت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ بیوروکریسی کے بیشتر اراکین نہ صرف پرتگال میں رئیل اسٹیٹ حاصل کر چکے ہیں بلکہ اب وہ باقاعدہ شہریت کے لیے بھی کوشاں ہیں۔ ان کے مطابق یہ افسران معمولی نہیں بلکہ اہم اور بااثر شخصیات ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ بااثر افسران، جنہیں انہوں نے ’مگرمچھ‘ قرار دیا، اربوں روپے ہڑپ کر کے پُرسکون ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ایک قریبی افسر نے بیٹیوں کی شادی پر چار ارب روپے کی صرف سلامی وصول کی، اور اب وہ بھی آرام دہ زندگی گزار رہا ہے۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ سیاستدان تو ان بیوروکریٹس کے چھوڑے ہوئے وسائل پر گزارا کرتے ہیں، انہیں نہ پلاٹ ملتے ہیں نہ غیر ملکی شہریت، کیونکہ انہیں انتخابات میں حصہ لینا ہوتا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پاک سرزمین کو گندا کرنے میں یہی بیوروکریسی پیش پیش ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں