توشہ خانہ ٹو کیس کے 2 اہم گواہوں کے بیانات سامنے آگئے، اہم انکشافات

اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں دو کلیدی گواہان کے بیانات موصول ہوئے ہیں جن میں کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

گواہان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدالت کے روبرو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیے۔ گواہوں میں عمران خان کے سابق پرسنل سیکریٹری انعام اللہ شاہ اور وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی شامل ہیں۔

پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی نے بیان میں تسلیم کیا کہ بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت جان بوجھ کر کم لگائی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انعام اللہ شاہ نے دباؤ ڈال کر جیولری کی کم ویلیو مقرر کروائی۔

صہیب عباسی کے مطابق انعام اللہ شاہ نے دھمکی دی تھی کہ اگر سیٹ کی قیمت کم نہ لگائی گئی تو انہیں سرکاری اداروں سے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین نیب کے سامنے معافی مانگتے ہوئے بیان ریکارڈ کروایا اور دستاویز پر دستخط بھی کیے۔

صہیب عباسی نے بتایا کہ مجسٹریٹ کے روبرو بھی انہوں نے ڈر کی وجہ سے کم ویلیو لگانے کا اعتراف کیا۔ ان کے مطابق وہ 23 مئی 2024 کو نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوئے اور معافی کی درخواست جمع کرائی، جبکہ بلغاری جیولری سیٹ کی تشخیص 25 مئی 2022 کو کابینہ ڈویژن کے سیکشن آفیسر نے ان کے سپرد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مرضی سے نیب حکام کو متعلقہ ریکارڈ بھی فراہم کیا۔

دوسری جانب انعام اللہ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے صہیب عباسی سے جیولری سیٹ کی قدر کم کرنے کا کہا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ بیک وقت پی ٹی آئی اور سرکاری نوکری دونوں سے تنخواہیں لیتے رہے اور 2019 سے 2021 تک ڈبل سیلری وصول کرتے رہے۔ ان کے مطابق انہیں بشریٰ بی بی کی ناراضی پر نوکری سے ہٹایا گیا کیونکہ بی بی کو شک تھا کہ ان کے بھائی کے جہانگیر ترین کے ساتھ تعلقات ہیں۔

انعام اللہ شاہ نے یہ بھی کہا کہ وہ پرائم منسٹر ہاؤس میں کمپٹرولر کے طور پر بنی گالا ہاؤس میں تعینات تھے، جبکہ بلغاری جیولری سیٹ سعودی ولی عہد نے بطور تحفہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دیا تھا۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرائی گئی بلکہ پرائیویٹ اپریزر کے ذریعے کم قیمت لگوا کر اسے ذاتی تحویل میں رکھا گیا۔ نیب کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ کی اصل مالیت ساڑھے سات کروڑ روپے تھی، لیکن عمران خان نے اسے صرف 59 لاکھ روپے کی ویلیو پر اپریزر سے منظور کروایا اور سرکاری خزانے میں صرف 29 لاکھ روپے جمع کرائے۔ یہ جیولری سیٹ نیکلس، بریسلیٹ، ایئر رنگز اور ایک انگوٹھی پر مشتمل تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں