کراچی ۔کراچی کے ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جانب سے شلوار قمیض پہنے افراد کو ہوٹل میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کی خبر پر شوبز شخصیات نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی لباس پہننے والوں کے ساتھ ایسا رویہ شرمناک ہے۔
ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ شلوار قمیض پہننے پر ہوٹل میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے پر متاثرہ شہری ایڈوکیٹ عبدالطیف بلوچ نے کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں واقع ریسٹورنٹ کے خلاف کنزیومر کورٹ سے رجوع کرلیا۔
متاثرہ شہری نے دعویٰ کیا کہ وہ 18 مئی کو اپنے دوستوں کے ہمراہ شلوار قمیض پہن کر ہوٹل میں کھانا کھانے گئے لیکن انتظامیہ نے انہیں کپڑوں کی وجہ سے اندر جانے نہ دیا اور کہا کہ شلوار قمیض غریبوں کا لباس ہے، ہم پینڈو لوگوں کو کھانا نہیں دیتے۔
مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات نے ہوٹل انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شلوار قمیض پہننے والوں کو ہوٹل میں داخل نہ ہونے کی اجازت نہ دینا شرم ناک ہے۔
اداکار یاسر حسین نے خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ شلوار قمیض کے ساتھ کچھ زیادہ ہی بدتمیزی ہو رہی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ بہت سارے کلبز اور فائن ڈائن ریسٹورنٹ میں یہ معاملہ شروع ہوگیا ہے، شلوار قمیض کا بھی اردو زبان والا حال کریں گے، ہر کوئی انگریز بننا چاہتا ہے۔
مشی خان نے بھی واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے اپنی ویڈیو میں شلوار قمیض پہنے افراد کو ہوٹل میں داخل نہ ہونے کی اجازت دینے کے واقعے کو شرم ناک قرار دیا۔