وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں سرکاری تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک جامع اور انقلابی منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئی اسکیموں کے تحت نہ صرف اسکول جانے والے بچوں کے لیے مفت وین سروس کا آغاز کیا جائے گا بلکہ “آن وہیلز مونٹیسوری اسکولز” بھی متعارف کرائے جائیں گے، تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی بچوں کو معیاری تعلیم میسر آ سکے۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ اسکول ایجوکیشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے پہلے منظم اسکول ٹرانسپورٹ سسٹم کے خدوخال طے کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس منصوبے کا خاص ہدف دیہی اور پسماندہ علاقوں کے بچے ہوں گے، جنہیں تعلیمی سہولیات تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔
اجلاس میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے “اسکول آف دی منتھ” اور “ٹیچر آف دی منتھ” ایوارڈ اسکیم کی منظوری بھی دی گئی۔ انعامات کا فیصلہ طلبہ کی کارکردگی، تعلیمی نظم و ضبط، لیبارٹری سہولیات اور مجموعی تعلیمی نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر بچے کو تعلیم دینا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور یہ اقدامات اسی وژن کا حصہ ہیں