اسلام آباد۔پی ٹی آئی کے مزید 28 اراکین اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی اراکین کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اراکین نے اپنے استعفے سپیکر آفس میں جمع کروا دیئے، اسی طرح پی ٹی آئی کے 6 اراکین قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے بھی مستعفی ہو گئے ہیں۔
کمیٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے والوں میں جنید اکبر، عامر ڈوگر، ثناء اللہ مستی خیل، ڈاکٹر ضیاء الدین، جاوید اقبال اور حاجی امتیاز احمد شامل ہیں۔ دوسر ی جانب اپوزیشن کے استعفوں کےباعث قومی اسمبلی کی کمیٹیز کا کام رک گیا۔ طارق فضل چوہدری نے چیئرمین پی ٹی آئی اورچیف وہپ سے رابطہ کرکے کمیٹیوں سے استعفے واپس لینے کی درخواست کردی۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ ملکی حالات مل کر چلنے کا تقاضا کرتے ہیں، قومی امورپر اکٹھے چل سکتے ہیں۔ قبل ازیں حکومت نے پی ٹی آئی ارکان کے قائمہ کمیٹیوں سے دیئے گئے استعفے فوری منظور نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا، حکومت نے پی ٹی آئی کو پارلیمانی نظام کا حصہ رہنے پر قائل کرنے کی کوششیں بھی شروع کر دیں، حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی قیادت سے رابطہ کرکے استعفےدینے کی پالیسی پر نظرثانی اور پارلیمانی نظام کا حصہ رہنے پر زور دیا۔ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو دوبارہ بات چیت کی بھی پیشکش کی گئی، حکومت کا مؤقف ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔