اسلام آباد ۔سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹوں کا تاریخی اور شاندار نیلام عام تیسرے دن کامیابی سے اختتام پزیر ہوگیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کمرشل پلاٹس کی شفاف نیلامی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔ کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کے تیسرے دن بھی سرمایہ کاروں نے سی ڈی اے پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سرمایہ کاروں نے بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں دکانوں کی خریداری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور نیلامی کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نیلام عام میں 8 کمرشل پلاٹس اور بلیو ایریا پارکنگ پلازے کی 4 دکانیں مجموعی طور پر *19.56 ارب* روپے میں نیلام کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نیلام عام کے تیسرے دن بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی دکان نمبر 8A کو 14.57 کڑور، دکان نمبر 10A کو 14.32 کڑور، دکان نمبر 12A کو 14.67 کڑور جبکہ دکان نمبر 8C کو 9.43 کڑور میں نیلام کیا گیا۔مزید برآں نیلام عام کے دوسرے دن سیکٹر آئی چودہ مرکز میں واقع پلاٹ نمبر 20، پٹرول پمپ کیٹگری کو 1.64 ارب میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ سیکٹر ایف الیون ون کا پلاٹ نمبر 1-E تقریباً 25.13 کروڑ میں نیلام کیا گیا۔ علاوہ ازیں نیلام عام کے پہلے دن بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 13 تقریباً 7.24 ارب روپے میں نیلام ہوا۔ اسی طرح بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 14 تقریباً 4.16 ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 12 تقریباً 3.60 ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔کمرشل پلاٹس کے اوپن نیلام عام کے پہلے روز سیکٹر آئی چودہ کا پلاٹ نمبر 3-A تقریباً 74.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسی طرح آئی چودہ مرکز کا پلاٹ نمبر 3B کو 70.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ آئی چودہ مرکز کا ہی پلاٹ نمبر 10A کو 66.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔