ویسٹ انڈیز کے خلاف مجوزہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز 1، 3 اور 4 اگست کو لاڈر ہل، فلوریڈا میں کھیلی جائے گی۔ قومی ٹیم اس سیریز کے لیے دبئی کے راستے امریکہ کا سفر کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں چند تبدیلیاں متوقع ہیں، جن میں فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی واپسی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کی موجودہ فٹنس اور حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی انتخاب کرے گی۔
پاکستانی ٹی 20 اسکواڈ دو مرحلوں میں دبئی روانہ ہو رہا ہے۔ پہلا گروپ آج شام ساڑھے سات بجے ڈھاکا سے پرواز کرے گا، جب کہ دوسرا گروپ کل بنگلہ دیش سے دبئی کے لیے روانہ ہوگا۔
دبئی میں مختصر قیام کے بعد قومی ٹیم امریکہ جائے گی، جہاں وہ فلوریڈا میں مجوزہ تین میچوں کی سیریز میں شرکت کرے گی۔