انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) کی تازہ رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے پچھلے دس برسوں میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی بھارتی شخصیت کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے اس فہرست میں شاہ رخ خان، سلمان خان، پربھاس اور رجنی کانت جیسے بڑے ستاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آئی ایم ڈی بی نے جنوری 2014 سے اپریل 2024 تک کے ہفتہ وار ڈیٹا کا جائزہ لیا، جو 25 کروڑ سے زائد ماہانہ وزٹرز کے پیج ویوز پر مبنی تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق دیپیکا پڈوکون پہلے اور شاہ رخ خان دوسرے نمبر پر رہے۔
ٹاپ فائیو میں ایشوریا رائے، عالیہ بھٹ اور مرحوم عرفان خان بھی شامل ہیں۔ جبکہ عامر خان چھٹے، سلمان خان آٹھویں، ریتھک روشن نویں اور اکشے کمار دسویں نمبر پر ہیں۔ علاقائی سنیما سے صرف پربھاس 29 ویں اور دھنوش 30 ویں نمبر پر جگہ بنا سکے۔
اس شاندار اعزاز پر دیپیکا پڈوکون نے کہا کہ “میری کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اصول توڑنے، سوال اٹھانے اور مشکل راستہ اپنانے سے ڈرنا نہیں چاہیے۔ میرے خاندان، مداحوں اور ساتھیوں نے ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھایا، جس سے میں نے وہ فیصلے کیے جو آنے والی نسلوں کے لیے راہ ہموار کر گئے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ “یہ رپورٹ اس بات کی تصدیق ہے کہ ایمانداری، سچائی اور استقامت ہی اصل کامیابی کی کنجی ہیں۔‘‘
آئی ایم ڈی بی پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلموں کی فہرست میں دیپیکا پڈوکون دس فلموں کے ساتھ خواتین اداکاراؤں میں سب سے آگے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر شاہ رخ خان بیس فلموں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔