وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر کھیل، امور نوجوانان، مقامی حکومت و دیہی ترقی آصف محمود سے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں بالخصوص کرکٹ، امپائرز کی تربیت، اور نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے امپائرز کو پاکستان میں تربیتی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی، جبکہ ویمنز کرکٹ کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں فریقین نے اسپورٹس کے فروغ کے لیے پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مابین باضابطہ معاہدے پر رضامندی ظاہر کی۔
گفتگو کا دائرہ نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ اور روزگار کے مواقع تک بھی پھیلایا گیا، جس میں دونوں ممالک نے تعلیم، اسکالر شپ پروگرامز، اور تعلیمی تجربات کے تبادلے سے باہمی فائدے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ، سولر انرجی میں جدید رجحانات اور تکنیکی اشتراک پر بھی بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے نادرا کے فول پروف سیکیورٹی سسٹم اور جدید شناختی نظام سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا، جس پر وزیر آصف محمود نے گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس سلسلے میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ سطحی وفد کو پاکستان کا دورہ اور نادرا کا مشاہداتی و معلوماتی دورہ کرنے کی دعوت دی گئی، جو جلد متوقع ہے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ممالک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، لہٰذا کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا زبردست امکان ہے۔
یہ ملاقات پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہمہ جہت تعلقات — خصوصاً اسپورٹس، یوتھ ڈویلپمنٹ، تعلیم اور قابلِ تجدید توانائی — کو نئی سطح پر لے جانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
اس موقع پر بنگلہ دیش کی وزارت کھیل و نوجوانان کے سیکریٹری محبوب العالم، لوکل گورنمنٹ سیکریٹری رضا المقصود، پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور محمد واصف، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔