میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ ٹیسٹ کا اعلان، فیس میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کردیا گیا

کراچی۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں داخلے کی تاریخ کا اعلان کردیا اور داخلہ ٹیسٹ کی فیس میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد رواں سال 2025 میں ٹیسٹ فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی نے ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ 2025 کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے، داخلہ ٹیسٹ اتوار 5 اکتوبر 2025 کو پاکستان سمیت سعودی عرب میں بھی ایک ہی وقت پر منعقد ہوگا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان پانچ مختلف جامعات کے تحت لیا جائے گا، جن میں پنجاب کے امیدواروں کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ کے امیدواروں کے لیے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، خیبرپختونخوا کے امیدواروں کے لیے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور، بلوچستان کے لیے بولان میڈیکل یونیورسٹی کوئٹہ اور وفاقی دارالحکومت، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں (ریاض، سعودی عرب) کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں۔

ایم ڈی کیٹ کی آن لائن رجسٹریشن 8 اگست 2025 سے شروع ہوگی جو 25 اگست تک جاری رہے گی، لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ یکم ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

پاکستان میں امتحانی مراکز کے لیے رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ 13 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، ریاض سعودی عرب جیسے بین الاقوامی سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے اور لیٹ فیس کے ساتھ 55 ہزار روپے ہوگی جبکہ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی۔

میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ٹیسٹ ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا، جن میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، میرپور، راولاکوٹ، سکھر، حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد، سوات، ایبٹ آباد، گلگت، ریاض سمیت دیگر شہر شامل ہیں۔

امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اپنے ڈومیسائل کے مطابق شہر کا انتخاب کریں کیونکہ ایک بار منتخب کیا گیا امتحانی مرکز بعد میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔

ایم ڈی کیٹ کا امتحان انگریزی زبان میں ہوگا اور یہ پرچہ ملٹی پل چوائس سوالات پر مشتمل ہوگا، مجموعی طور پر 180 سوالات ہوں گے جن میں کسی قسم کی منفی مارکنگ نہیں کی جائے گی۔

سوالات حیاتیات، کیمیا، طبیعیات، انگریزی اور منطقی سوچ جیسے مضامین سے ہوں گے، پرچے میں 15 فیصد آسان، 70 فیصد درمیانے اور 15 فیصد مشکل سطح کے سوالات شامل ہوں گے۔

پی ایم ڈی سی نے تمام امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کریں اور امتحان کی تیاری کا عمل فوری طور پر شروع کریں تاکہ بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں