مرنے سے پہلے ڈرگز آزمانے کی خواہش ہے، مرینہ خان

سینئر اداکارہ اور ہدایتکارہ مرینہ خان نے ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندگی میں ایک بار منشیات آزمانے کی خواہش رکھتی ہیں۔

مرینہ خان کا شمار پاکستان کی معروف اور باوقار فنکار شخصیات میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ’تنہائیاں‘، ’دھوپ کنارے‘ اور ’جیکسن ہائٹس‘ جیسے مشہور ڈراموں کے ذریعے ناظرین کے دل جیتے۔

حال ہی میں اداکارہ نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف ذاتی اور پیشہ ورانہ پہلوؤں پر بے تکلف گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران مرینہ خان نے ایک یادگار واقعہ شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ شارجہ میں جاری کرکٹ میچز کے دوران انہیں، شہناز، لیلیٰ زبیری اور شکیل صاحب کو بطور مہمان مدعو کیا گیا۔ انہوں نے وی آئی پی سیلیبرٹی انکلوژر سے میچ دیکھا، جو ان کے لیے ایک انوکھا تجربہ تھا کیونکہ وہ خود کو کبھی مشہور شخصیات میں شمار نہیں کرتیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ میچ کے بعد جب وہ شہناز کے ہمراہ گاڑی میں واپس جا رہی تھیں تو باہر ہجوم نے انہیں گھیر لیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد کو دیکھ کر انہیں پہلی بار یہ احساس ہوا کہ شہرت کا مطلب کیا ہوتا ہے۔ ان کے بقول، یہ تجربہ حیرت انگیز اور غیر معمولی تھا۔

پروگرام کے دوران احمد علی بٹ نے ان سے سوال کیا کہ کیا کوئی ایسی چیز ہے جس کا تجربہ وہ زندگی میں ایک بار کرنا چاہیں گی؟ اس پر مرینہ خان نے جواب دیا کہ وہ منشیات (ڈرگز) کو ایک بار آزمانا چاہتی ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ وہ یہ جاننا چاہتی ہیں کہ آخر لوگ اس کی طرف کیوں مائل ہوتے ہیں، اور اس میں ایسی کون سی کشش ہے جو انہیں اس کا عادی بنا دیتی ہے۔

مرینہ خان نے مزید بتایا کہ ان کا تعلق ایک نسبتاً آزاد خیال خاندان سے تھا، جہاں سختی نہیں کی جاتی تھی۔ لیکن ذاتی طور پر وہ ہمیشہ محتاط رہیں اور کبھی ایسا تجربہ نہیں کیا۔ تاہم، اب جب کہ عمر کا ایک خاص مرحلہ گزر چکا ہے، تو کبھی کبھی دل میں خیال آتا ہے کہ کیوں نہ ایک بار یہ تجربہ بھی کر لیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک بار کسی نے انہیں بھنگ آزمانے کا مشورہ دیا تھا، مگر جب انہوں نے سنا کہ منشیات کے اثرات کے دوران انسان اپنے حواس پر قابو کھو سکتا ہے تو انہوں نے ارادہ ترک کر دیا۔ اگر کبھی ایسا تجربہ کیا بھی، تو وہ اپنے قریبی اور بھروسے مند لوگوں کی موجودگی میں ہی کریں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں