جینیفر لوپیز کو معروف برانڈ کے اسٹور میں گھسنے سے روک دیا گیا، ویڈیو وائرل

استنبول۔امریکا کی مشہور گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز کو حال ہی میں ترکی کے شہر استنبول میں قائم ایک معروف فیشن برانڈ کے اسٹور میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹور کے سیکیورٹی اہلکاروں نے جینیفر لوپیز کو بتایا کہ اندر جگہ موجود نہیں، جس کے باعث انہیں اندر جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ اس پر لوپیز نے پرسکون لہجے میں جواب دیا، ’’ٹھیک ہے، کوئی مسئلہ نہیں‘‘ اور وہاں سے روانہ ہو گئیں۔

یہ منظر ایک مداح نے ویڈیو کی شکل میں محفوظ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ بعد ازاں جب اسٹور انتظامیہ کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے لوپیز کو دوبارہ اسٹور آنے کی دعوت دی، لیکن گلوکارہ نے پیشکش مسترد کر دی۔

اس کے بعد جینیفر لوپیز نے دیگر معروف برانڈز سے خریداری کی اور پھر روانہ ہو گئیں۔ یاد رہے کہ وہ ان دنوں ترکی میں اپنے ’’اپ آل نائٹ: لائیو‘‘ کنسرٹ ٹور کے سلسلے میں موجود ہیں، جس کا اختتام 12 اگست کو ہوگا۔

حال ہی میں جینیفر لوپیز نے اپنی 56ویں سالگرہ منائی اور انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ وہ جلد ہی فلم Kiss of the Spider Woman میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی، جو 2027 میں ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں