اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں مزید 31 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی، جن میں سے 22 دیہی جبکہ 9 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سیزن میں اب تک اسلام آباد سے مجموعی طور پر 720 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ان میں سے 20 مریض اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ گھروں اور اطراف کے علاقوں میں ریزیڈول اسپرے مکمل کرلیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 2 ہزار سے زائد مقامات پر فوگنگ آپریشن کیا گیا جبکہ 16 ہزار 332 لاروا سائٹس کو ختم کیا جا چکا ہے۔ مجموعی طور پر اب تک 8 لاکھ 46 ہزار سے زیادہ انسدادِ ڈینگی اقدامات کیے جاچکے ہیں۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی ویکٹر کنٹرول ٹیمیں ہائی رسک علاقوں میں سرگرم ہیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائیاں بھی کی جارہی ہیں۔
محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی جمع کرنے والے برتن، ٹینک اور کولرز باقاعدگی سے صاف کریں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔