income tax form

25 صفحات پر مشتمل نیا ٹیکس فارم متعارف

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے نیا الیکٹرانک انکم ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کروا دیا ہے، جسے ’سادہ فارم‘ کا نام دیا گیا ہے، تاہم یہ 25 صفحات پر مشتمل ایک مفصل اور پیچیدہ دستاویز ہے۔

ایف بی آر نے منگل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے ذریعے اس نئے ریٹرن فارم کا مسودہ جاری کیا جو ٹیکس سال 2025 کے لیے لاگو ہوگا۔ اس حوالے سے ایس آر او 1212(I)/2025 کے تحت کمپنیوں کے لیے بھی نیا انکم ٹیکس ریٹرن فارم تجویز کیا گیا ہے۔

فارم میں ہر صفحے پر علیحدہ کیٹیگریز دی گئی ہیں جیسے:

آپ کی آمدن

پنشن

کرایہ کی آمدن

بینک منافع

ڈویڈنڈز

ایف بی آر کے مطابق ایس آر او 1213(I)/2025 کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002 میں مجوزہ ترامیم بھی جاری کی گئی ہیں، جو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 237 کے تحت تجویز کی گئی ہیں۔

قانونی تقاضے کے مطابق، ایف بی آر نے تمام متاثرہ افراد سے سات دن کے اندر اعتراضات یا تجاویز طلب کی ہیں۔ دی گئی مدت کے اندر موصول ہونے والی آراء کو زیر غور لایا جائے گا۔

ایف بی آر کے مطابق، ٹیکس سال 2024 کے لیے اب تک 44 لاکھ 36 ہزار انکم ٹیکس ریٹرن جمع ہو چکے ہیں۔ تاہم، اس نئے 25 صفحات پر مبنی فارم نے ’سادگی‘ کے دعوے پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں