لاہور۔اداکارہ ہانیہ عامر کو حال ہی میں گلوکار عاصم اظہر کے ایک کنسرٹ کی پہلی قطار میں بیٹھے دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
ہانیہ عامر کی اپنے سابق بوائے فرینڈ اور اداکارہ و ماڈل میرب علی کے سابق منگیتر عاصم اظہر کے کنسرٹ میں موجودگی نے مداحوں کی خاص توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ اسی دوران، میرب علی کے بھائی اور معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر رامس علی کی ایک ذو معنی انسٹاگرام اسٹوری بھی وائرل ہوئی، جسے کئی لوگ ہانیہ اور عاصم کے درمیان دوبارہ بڑھتی قربتوں سے جوڑ رہے ہیں۔
رامس علی نے اپنی اسٹوری میں لکھا: ’’وقت کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ سب کچھ آشکار کر دیتا ہے۔‘‘ اس جملے کو کچھ صارفین نے ایک عام تبصرہ قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے اپنی بہن میرب کی ذاتی زندگی اور حالیہ منگنی ٹوٹنے کے پس منظر میں دیکھا اور مختلف قیاس آرائیاں کیں۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کا تعلق ماضی میں میڈیا کی سرخیوں کا حصہ رہا ہے، لیکن 2020 میں دونوں نے راہیں جدا کر لی تھیں۔ اس کے بعد عاصم اظہر کی منگنی میرب علی سے ہوئی جو حال ہی میں ختم ہو گئی۔
ایک ساتھ نظر آنے کے متعدد حالیہ مواقع کے بعد، سوشل میڈیا پر یہ بحث دوبارہ زور پکڑ چکی ہے کہ شاید ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے درمیان قربتیں پھر سے بڑھ رہی ہیں۔