بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے اور بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں شدید سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، دریائے راوی میں سیلابی پانی کی سطح بلند ہونے کے ساتھ ساتھ پانی کی رفتار بھی تیز ہوگئی۔
دریائے راوی میں بھی سیلابی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث لاہور میں شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، دریا کنارے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کا بھی کہا جا رہا ہے۔
راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی ریلا گزرنے کے باعث اطراف کے دیہات زیر آب آگئے جبکہ کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں، کئی چھوٹے بند بھی ٹوٹ گئے ہیں۔
اب تک گھروں کی چھت گرنے اور سیلابی پانی میں ڈوبنے سے 11 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
دریائے راوی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہاں تاریخی سیلابی ریلہ بہہ رہا ہے، اس کے باوجود تمام آبادیوں کو ریسیکو کر لیا تھا لیکن افسوس کے ساتھ کہتی ہوں11 لوگ جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے لوگ جاں بحق نہیں ہوئے بلکہ ہم نے ہزاروں لوگوں کو منتقل کیا جن میں مویشی بھی شامل تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی نگرانی میں تمام ادارے اس وقت فیلڈ میں تین دن سے موجود ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ جہاں سیلابی ریلا گزر رہا ہے اس کے قریب نہیں جائیں۔