چکنائی والی غذائیں بچوں میں دمے کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں، تحقیق

نئی دہلی: سائنسی شواہد نے واضح کیا ہے کہ زیادہ چکنائی خصوصاً سچوریٹڈ اور ٹرانس فیٹس پر مشتمل غذائیں بچوں میں دمے کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا دیتی ہیں۔

بھارت میں کیے گئے ایک مطالعے کے دوران 6 سے 16 سال کی عمر کے 2 ہزار 428 بچوں کا جائزہ لیا گیا جن میں سے کچھ دمے کے مریض تھے جبکہ کچھ کو یہ مرض لاحق نہیں تھا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ چکنائی والے کھانے کھانے والے دمہ کے شکار بچوں میں مدافعتی نظام کمزور پایا گیا اور سانس کی نالیوں میں سوزش میں اضافہ ہوا۔

ماہرین کے مطابق چکنائی سے بھرپور غذا نہ صرف دمہ لاحق ہونے کا خطرہ بڑھاتی ہے بلکہ پہلے سے متاثرہ مریضوں میں اس کی علامات کو بھی بُری طرح بگاڑ دیتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ مغربی طرزِ خوراک، جو پروسیس شدہ اور زیادہ چکنائی پر مبنی ہوتی ہے، دمے کے ساتھ ساتھ موٹاپے کے امکانات کو بھی بڑھا دیتی ہے۔

مزید یہ کہ بچوں میں اومیگا تھری اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈز کا عدم توازن بھی دمے کی شدت سے منسلک پایا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ متوازن غذا دمے سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں