شادی کے دوسرے ماہ ہی یوزویندر چہل کو دھوکا دیتے پکڑ لیا تھا؛ دھناشری ورما کا انکشاف

ممبئی: بھارتی ڈانسر دھناشری ورما نے ایک ٹی وی شو میں سابق شوہر اور کرکٹر یوزویندر چہل کے بارے میں چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شادی کے صرف دوسرے مہینے میں ہی انہیں چہل کی بے وفائی کا علم ہوگیا تھا۔

شو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کب یہ احساس ہوا کہ شادی کامیاب نہیں ہو سکتی، تو دھناشری نے جواب دیا کہ پہلے ہی سال یہ حقیقت واضح ہوگئی تھی۔ ان کے مطابق دوسرے مہینے میں ہی انہوں نے چہل کو دھوکا دیتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔

دھناشری نے کہا کہ وہ جھوٹے الزامات پر وضاحت دینے کی قائل نہیں ہیں، اگرچہ ان پر لگائے گئے الزامات نے انہیں شدید دکھ پہنچایا، تاہم وہ ہمیشہ اپنے سابق شوہر کی عزت قائم رکھیں گی۔ ان کے بقول والدین نے انہیں یہ سکھایا کہ صرف اُنہیں جواب دینا چاہیے جو زندگی میں اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے علیحدگی کے بعد رقم کے مطالبے کی خبروں کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی طلاق جلد اور باہمی رضامندی سے ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ دھناشری اور یوزویندر چہل 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جبکہ یہ تعلق 2025 میں طلاق پر ختم ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں