نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ مریس سانگیمپونگسا نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی صدارت کے دوران منعقدہ اعلیٰ سطحی تقریبات کے موقع پر ہوئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے باہمی تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، خاص طور پر عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلے اور پارلیمانی روابط کے فروغ کے حوالے سے۔
ملاقات میں تجارت، سیاحت، خوراک کے تحفظ، ماہی گیری، دفاع اور علاقائی رابطوں جیسے اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیرالملکی پلیٹ فارمز پر مشترکہ تعاون پر گفتگو کی گئی۔
تھائی وزیر خارجہ مریس سانگیمپونگسا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر پاکستان کو مبارکباد دی اور عالمی معاملات میں پاکستان کے مؤثر کردار کو سراہا۔