اسلام آباد: گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر امپورٹڈ گاڑیوں کے لیے سخت قواعد و ضوابط لاگو کرتے ہوئے سیفٹی اور کوالٹی اسٹینڈرڈز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 62 کر دی ہے۔
وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئے اصول یکم اکتوبر 2025 سے امپورٹڈ گاڑیوں پر لاگو ہوں گے جبکہ مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر یہ قوانین مرحلہ وار نافذ کیے جائیں گے۔ اعلامیے کے تحت چھوٹی گاڑیوں، کمرشل گاڑیوں اور بڑی گاڑیوں سب کے لیے 62 معیار پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔ مقامی گاڑیوں پر ابتدائی طور پر 6 نئے اسٹینڈرڈز یکم جولائی 2026 سے لاگو ہوں گے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ اب تمام امپورٹڈ گاڑیوں کے لیے انٹرنیشنل سیفٹی، ماحولیات، معیار اور ٹیسٹنگ سرٹیفکیٹس لازمی ہوں گے۔ ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ صرف کمرشل امپورٹرز ہی گاڑی درآمد کرسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مختلف ممالک سے گاڑی درآمد کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے سرٹیفکیٹس لازمی ہوں گے۔