BYD کا پہلا ہائبرڈ پک اَپ ٹرک ’’شارک 6‘‘ اگلے ہفتے لانچ ہوگا،قیمت 2کروڑ روپے

کراچی ۔چین کی مشہور کار ساز کمپنی BYD نے پاکستان میں اپنی نئی گاڑی شارک 6 کو 25 جولائی کو لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے، جو ملک کی پہلی پلگ اِن ہائبرڈ پک اپ گاڑی ہوگی۔

گاڑی کی قیمت کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم آٹو انڈسٹری سے جڑے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی قیمت 1.9 کروڑ سے 2 کروڑ روپے تک ہو سکتی ہے۔

پاکستان میں اس وقت پک اپ سیگمنٹ میں ٹویوٹا ہائی لکس، ISUZU ڈی میکس اور جے اے سی ٹی 9 جیسی گاڑیاں دستیاب ہیں، لیکن شارک 6 ایک منفرد ہائبرڈ ماڈل ہوگا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔

بی وائی ڈی کی اس گاڑی میں 1.5 لیٹر ٹربو ہائبرڈ انجن لگایا گیا ہے، جو کمپنی کے بلیڈ بیٹری سسٹم کے ساتھ مل کر 321 کلو واٹ پاور اور 650Nm ٹارک پیدا کرتا ہے۔

گاڑی میں درج ذیل خصوصیات شامل ہیں:

ہِل ہولڈ کنٹرول

ہِل ڈیسنٹ کنٹرول

آٹو ہولڈ

ویہیکل ڈائنامک کنٹرول

پاکستان میں چینی گاڑیوں کی مقبولیت
ایک وقت تھا جب چینی گاڑیوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا، مگر اب حالات بدل چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ Haval، Changan اور BYD جیسی چینی کمپنیاں اب قابلِ اعتماد اور پرفارمنس میں بہتر گاڑیاں فراہم کر رہی ہیں۔

پاکستان میں BYD کی دو گاڑیاں پہلے ہی فروخت ہو رہی ہیں:

Atto 3 (قیمت تقریباً 90 لاکھ روپے)

Seal (قیمت 1.5 سے 1.7 کروڑ روپے)

عوامی رجحان اور اسٹائل
آٹو ماہر عثمان انصاری نے جنگ سے گفتگو میں کہا کہ ’’ڈبل کیبن پک اپ گاڑیاں اب صرف دیہی علاقوں تک محدود نہیں رہیں بلکہ بڑے سائز اور اسٹائلش ڈیزائن کی وجہ سے شہری علاقوں میں بھی ان کی مانگ بڑھ رہی ہے۔‘‘

عالمی سطح پر پذیرائی
یہ گاڑی سب سے پہلے میکسیکو میں 14 مئی 2024 کو لانچ کی گئی تھی اور اس کے بعد یہ آسٹریلیا، فلپائن، برازیل اور جنوبی افریقہ سمیت کئی ممالک میں متعارف کروائی جا چکی ہے۔ وہاں اس کی قیمت 50 ہزار سے 60 ہزار ڈالر کے درمیان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا شعبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، مگر اس طرح کی جدید گاڑیوں سے یہ انڈسٹری تیزی سے ترقی کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں