لاہور ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر عائشہ جٹ سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت میں ملزم سلمان حیدر کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کی صدارت جسٹس جواد ظفر نے کی۔ سماعت کے دوران ملزم کی نمائندگی وکیل میاں علی اشفاق نے کی۔
کارروائی کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ آیا ملزم کے خلاف جرم ثابت ہونے کے شواہد موجود ہیں یا نہیں؟ اس موقع پر پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فی الحال ملزم کی گرفتاری درکار نہیں۔
جسٹس جواد ظفر نے ریمارکس دیے کہ اگر گرفتاری مطلوب نہیں تو پھر کیس کی نوعیت اور موجودہ مرحلہ کیا ہے؟
فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ملزم سلمان حیدر کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔