سمی خان نے علیزہ شاہ اور منسا ملک کے جھگڑے کی اصل کہانی بتا دی

اداکار سمی خان نے ڈرامہ محبت کی آخری کہانی کے سیٹ پر ساتھی اداکاراؤں علیزے شاہ اور منسا ملک کے درمیان پیش آنے والے تنازع پر اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سمی خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس ناخوشگوار واقعے کے چشم دید گواہ تھے، اور منسا ملک نے علیزے شاہ کو تھپڑ مارا تھا۔ ان کے مطابق، تھپڑ کے بعد منسا میک اپ روم میں چلی گئیں، جہاں علیزے شاہ بھی پیچھے گئیں اور ردعمل میں منسا کی طرف چپل پھینکی، جو کسی کو لگی نہیں۔ سمی خان کے مطابق، اس کے باوجود علیزے شاہ نے پیشہ ورانہ طرزعمل اختیار کرتے ہوئے شوٹنگ جاری رکھی اور اپنا کام مکمل کیا۔

اگرچہ سمی خان نے اپنی بیان کردہ تفصیل میں کسی اداکارہ کا نام نہیں لیا، لیکن سوشل میڈیا پر معاملہ اس قدر زیر بحث ہے کہ ہر کسی کو اندازہ ہو گیا ہے کہ بات علیزے شاہ اور منسا ملک کے بارے میں ہو رہی ہے۔

سمی خان نے علیزے شاہ کے رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشیدہ صورتحال کے باوجود ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار نبھایا اور پیشہ ورانہ انداز اپنایا۔

یاد رہے کہ اس جھگڑے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پہلے ہی خاصی گفتگو ہو چکی ہے، اور حال ہی میں علیزے شاہ نے ایک ویڈیو بیان جاری کر کے واقعے کے علاوہ اپنے دیگر تنازعات پر بھی وضاحت پیش کی ہے۔

تاہم، منسا ملک کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی ردعمل یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں