لاہور پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ 1984 سے 2023 تک کھیلے گئے 16 ایونٹس میں دونوں ٹیموں نے کئی بار ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلے مگر کبھی بھی فائنل میں آمنے سامنے نہ آسکیں۔
گروپ اور سپر فور مرحلے میں پاکستان کو بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم کپتان سلمان آغا فائنل میں جیت کے لیے پرامید ہیں۔
شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹکر دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت اب تک آٹھ بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے، سری لنکا نے چھ بار اور پاکستان نے دو بار ٹرافی جیتی ہے۔