اسلام آباد قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز صائم ایوب کی ایشیا کپ میں بیٹنگ کارکردگی مایوس کن رہی، تاہم انہوں نے بولنگ میں شاندار پرفارمنس دکھائی۔
صائم ایوب کسی بھی بڑے ایونٹ میں چار مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے ٹاپ آرڈر (پہلی سے تیسری پوزیشن) بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں صفر پر آؤٹ ہونے کا شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ صائم اب تک 9 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں اور اس فہرست میں صرف عمر اکمل سے پیچھے ہیں۔
دوسری جانب بولنگ میں صائم ایوب نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے اب تک آٹھ وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔
ان کی اس غیر معمولی بیٹنگ ناکامی اور بولنگ کارکردگی پر سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہے۔ ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ “ہم جسے سعید انور سمجھتے رہے وہ سعید اجمل نکلا۔” ایک اور صارف نے صائم کے چار صفر کو آڈی گاڑی کے چار رنگوں سے تشبیہ دیتے ہوئے انہیں آڈی کا برانڈ ایمبیسڈر قرار دے دیا۔