اب بہت ہو چکا، اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دوں گا، صدر ٹرمپ

واشنگٹن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے کسی بھی قسم کے انضمام کی اجازت نہیں دیں گے۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ “اب بہت ہو چکا، یہ سلسلہ رکنا چاہیے۔ اسرائیل کو مغربی کنارے کو ضم کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔” انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے براہِ راست بات کی اور اپنا مؤقف واضح کر دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر عرب رہنماؤں کو بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ اسرائیل کے انضمامی منصوبوں کے مخالف ہیں۔ امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے بھی تصدیق کی کہ صدر ٹرمپ کی عرب رہنماؤں سے ملاقاتیں مثبت رہیں اور وہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور غزہ میں جاری جنگ کو روکنے کے لیے سرگرم کوششیں کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں اسرائیلی حکام نے عندیہ دیا تھا کہ حکومت مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر قبضے کی سمت بڑھ سکتی ہے، تاہم صدر ٹرمپ نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ یہ علاقائی استحکام کے لیے خطرناک ہوگا اور ایسا کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں