میدان میں حریف، میچ کے بعد گلے لگ گئے، اسپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ

ابوظبی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں اسپورٹس مین شپ کی اعلیٰ مثال دیکھنے کو ملی۔ پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے سری لنکن آل راؤنڈر ہسارنگا کو آؤٹ کرنے کے بعد اُنہی کے انداز میں جشن منایا۔

بعد ازاں ہسارنگا نے فخر زمان کا شاندار کیچ تھامنے اور صائم ایوب کو بولڈ کرنے کے بعد ابرار احمد کے جشن منانے کے انداز کی نقل کی۔ میچ کے بعد دونوں کھلاڑی پرتپاک انداز میں گلے ملے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

شائقین کرکٹ کی جانب سے ابرار احمد اور ہسارنگا کے خوشگوار رویے کو خوب سراہا جا رہا ہے اور اسے کھیل کی اصل روح قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اسی ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم نے کھیل کی روح کے منافی رویہ اپناتے ہوئے پاکستان ٹیم سے مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا جس پر کرکٹ شائقین نے تنقید کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں