لاہور: قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی بلے باز سدرہ امین نے ون ڈے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی لیکن ان کی شاندار اننگز بھی پاکستان کو کامیابی نہ دلوا سکی۔ جنوبی افریقا ویمنز نے دوسرے ون ڈے میچ میں ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت 25 رنز سے جیت حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں مہمان ٹیم نے 46 اوورز میں پاکستان کو 313 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں قومی ٹیم 45ویں اوور میں 287 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے شاندار 122 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے مسلسل دوسری سنچری بنائی۔ نتالیہ پرویز نے 73 رنز جوڑے، عمیمہ سہیل نے 43، عالیہ ریاض نے 18 اور رامین شمیم نے 12 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقا کی نادین دی کلرک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کی اوپنرز وولوارتھ اور برٹس نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 260 رنز کی شراکت قائم کی جو ایک شاندار اوپننگ پارٹنرشپ ثابت ہوئی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا ویمنز ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے 22 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔