دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا بڑا مقابلہ آج دبئی میں کھیلا جائے گا، جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک بار پھر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
گروپ اے کے اس اہم میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ رواں برس کسی بڑی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی۔
یہ چھ ماہ کے دوران دوسرا موقع ہے جب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آرہی ہیں۔ اس سے قبل دونوں نے چیمپئنز ٹرافی میں مقابلہ کیا تھا۔
پاکستانی شائقین کی نظریں فخر زمان، صائم ایوب، سلمان آغا اور حارث پر جمی ہیں، جبکہ بھارتی ٹیم شبمن گل، سوریا کمار یادیو اور جسپریت بمراہ پر انحصار کرے گی۔
کارکردگی کے اعتبار سے دونوں ٹیمیں شاندار فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرाकर سہ ملکی سیریز اپنے نام کی۔
ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا ماضی کا ریکارڈ بھی خاصا دلچسپ ہے۔ بھارت نے اب تک 19 میچوں میں سے 10 جیتے، جبکہ پاکستان نے 6 میں کامیابی حاصل کی۔ گرین شرٹس نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری فتح 2022 میں حاصل کی تھی۔
ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت آٹھ بار چیمپئن رہا ہے، جبکہ پاکستان صرف دو مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کر چکا ہے۔
دوسری جانب شائقینِ کرکٹ پاکستان کے حق میں پرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم بھارت کو شکست دے سکتی ہے۔
گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی بلے باز صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم اس بڑے مقابلے کے لیے پرجوش ہے۔ ان کے مطابق پاک بھارت میچ ہمیشہ شائقین کے لیے خاص ہوتا ہے، تاہم کھلاڑی ہر میچ کو اہمیت دے کر تیاری کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کی کارکردگی کمزور بھی رہے تو وہ بڑے میچ میں ٹیم کو جتوا کر اس کمی کو پورا کر سکتا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہر کھلاڑی ایک ایک میچ جتواتا رہے تاکہ بہترین کمبی نیشن سامنے آئے۔ صائم ایوب نے کہا کہ وکٹ خشک ہے اور ایسے میں پہلے بیٹنگ کرنا بہتر ہوگا۔