اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا، وزیراعظم کی امیر قطر سے گفتگو

اسلام آباد ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطر کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ سرکاری دورہ کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان ہر حال میں قطر کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر پر اس جارحیت پر شدید تشویش ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے سراسر منافی ہے۔

پاکستان اور قطر کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ دونوں ممالک ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارے کے اسی جذبے کے تحت پاکستان اس مشکل گھڑی میں عزت مآب امیر قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے قطری قیادت کو اس بلاجواز اور اشتعال انگیز کارروائی کے خلاف پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا۔ ساتھ ہی اسرائیل کے اس وحشیانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں پر افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

انہوں نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی مسلسل جارحانہ روش کو روکنا ہوگا اور امت مسلمہ کو ان اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں کے لیے قطر کے تعمیری اور ذمہ دارانہ ثالثی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں نہ صرف علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے ہیں بلکہ سفارتی اور انسانی کوششوں کو بھی سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی اپیل کی تھی۔

انہوں نے 15 ستمبر کو منعقد ہونے والے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان نے OIC کو اس اجلاس کے شریک میزبان اور شریک اسپانسر کے طور پر اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔

وزیراعظم نے رواں سال کے آغاز میں بھارت کی بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کے لیے قطر کی بھرپور حمایت پر امیر قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔قطر کے امیر نے دوحہ آکر اظہار یکجہتی کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے گہرے برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔

اپنا تبصرہ لکھیں