پنجاب کے علاقے جلال پور پیروالا میں مقامی حفاظتی بند ٹوٹنے کے بعد شدید سیلابی کیفیت نے تباہی مچا دی ہے۔ دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کے باعث جلال پور پیروالا اور قریبی دیہات کی متعدد آبادیاں ڈوب گئیں۔
پانی گھروں میں داخل ہونے پر شہری اپنے اہلِ خانہ سمیت مکانوں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے، اسی لیے علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے فوری انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔
دریائے چناب کے ہیڈ پنجند اور ہیڈ ترموں پر پانی کی آمد اور اخراج کی سطح بھی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد 6 لاکھ 9 ہزار 669 کیوسک ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ ہیڈ ترموں پر بہاؤ 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ دریائے چناب کے کنارے قائم بعض بندوں میں شگاف پڑ گئے ہیں، جس سے جلال پور پیروالا اور قریبی علاقوں کی سیلابی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
سیلاب کی وجہ سے جلال پور پیروالا کے موضع شاہ رسول اور بیٹ واہی کے زمیندار بند ٹوٹ گئے، جس کے بعد پانی بہادر پور تک پھیل گیا۔ مقامی حکام نے عوام کو فوری طور پر علاقے سے نکلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
فی الوقت 5 ڈرون اور 50 کشتیاں متاثرہ افراد کی امداد اور بحفاظت نکالنے کے لیے روانہ کی جاچکی ہیں، جبکہ انتظامیہ شہری بندوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔