پنجاب میں سیلاب سے صورتحال سنگین، ہزاروں دیہات زیر آب، 20لاکھ افراد متاثر، اموات 38ہوگئیں

بھارت کی جانب سے پاکستان کے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے اور موسلادھار بارشوں کے باعث پنجاب کے تین بڑے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج میں سیلاب سے صورتحال سنگین ہوگئی جس کے سبب ہزاروں دیہات زیر آب آنے سے سیکڑوں مویشی ہلاک اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ مختلف حادثات میں 38 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد لاہور کے علاقے شاہدرہ سے متصل علاقوں اور شہر کے مضافاتی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوا جس سے کافی مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

راوی کے بعد چناب اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے سبب نشیبی علاقے اور دیہات زیر آب آگئے۔

جھنگ میں تریموں ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تریموں پر پانی کی آمد تین لاکھ 61 ہزار کیوسک ہوگئی۔ سیلاب سے اب تک ضلع بھر کے 216 دیہات متاثر ہو چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جھنگ کے مطابق نقل مکانی کرنے ولے جانوروں کے لیے ٹوبہ روڑ بائی پاس پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے،کیمپ میں جانوروں کے لیے چارہ اور سائلیج وافر مقدار میں موجود ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں