اسلام آباد ۔ایس آئی ایف سی کی سرپرستی میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پایا ہے، جو دو طرفہ تعلقات میں نمایاں پیشرفت کی علامت ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے مطابق، امریکہ پاکستان میں موجود وسیع تیل کے ذخائر کی تلاش اور ان کی ترقی میں بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔
پاکستان کی صفِ اوّل کی آئل ریفائننگ کمپنی Cnergyico نے امریکی کمپنی Vitol کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔
اس تجارتی معاہدے کا مرکزی ہدف سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات پر مبنی شعبہ جات میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔ اس کے تحت پاکستانی برآمدات پر عائد ڈیوٹی و محصولات میں نرمی متوقع ہے۔
یہ اہم پیشرفت توانائی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور کرپٹو کرنسی جیسے جدید شعبوں میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے نئے دروازے کھولے گی۔
مذکورہ پاکستانی کمپنی کی یومیہ ریفائننگ کی گنجائش 1,56,000 بیرل ہے، جب کہ اگلے پانچ سالوں میں اس کی اپ گریڈیشن اور ایک نیا آف شور ٹرمینل قائم کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔
ایس آئی ایف سی کی فعال کوششوں سے ممکن ہونے والا یہ معاہدہ نہ صرف اہم صنعتی شعبوں میں اشتراک کو مضبوط کرے گا بلکہ پاکستان کے لیے مستحکم معاشی ترقی کا ذریعہ بھی بنے گا۔