بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن کے گیٹ وِک ایئرپورٹ پر ان کا قیمتی زیورات سے بھرا بیگ چوری ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ وہ وِمبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں، اور وطن واپسی کے دوران ان کا تقریباً 70 لاکھ روپے مالیت کا سامان بیگیج بیلٹ سے غائب پایا گیا۔
اروشی نے ایئرپورٹ سیکیورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اتنے سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود ان کا بیگ کیسے لاپتہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نہ صرف بیگ اور ٹکٹ کی تفصیلات شیئر کیں بلکہ متعلقہ حکام سے فوری مدد کی درخواست بھی کی۔
یاد رہے کہ 2023 میں بھی اروشی نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں ان کا 24 قیراط سونے سے بنا ہوا آئی فون گم ہو گیا تھا۔
اداکارہ کے حالیہ بیان پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ اگر وہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں لندن سے واپس آئی تھیں، تو چوری شدہ بیگ کا ذکر انہوں نے ماہ کے آخر میں کیوں کیا؟