اسلام آباد ۔کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو عہدے سے برطرف کرنے اور 25 لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنا دی گئی ہے ۔
صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے، جس کے تحت انہیں عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
صوبائی محتسب کے مطابق، مونس علوی پر لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے شکایت کنندہ مہرین زہرہ کو ہراساں کیا اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کیا۔ فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی ای او کو ایک ماہ کے اندر جرمانے کی رقم جمع کروانی ہوگی۔
حکم میں یہ تنبیہ بھی شامل ہے کہ اگر مونس علوی جرمانہ ادا نہ کریں تو ان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی، اور ساتھ ہی ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ مہرین زہرہ، جو ماضی میں کے الیکٹرک میں چیف مارکیٹنگ افسر کے طور پر خدمات سرانجام دے چکی ہیں، نے مونس علوی کے خلاف 2019 میں ایک کنسلٹنسی معاہدے کے دوران ہراسانی کی شکایت درج کرائی تھی۔مقدمے کی سماعت ریٹائرڈ جسٹس شاہ نواز طارق نے کی، جنہوں نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد مذکورہ فیصلہ سنایا۔