اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین نے چین کے اعلیٰ سطحی زرعی وفد سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں زرعی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور حکومت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ زرعی تحقیق میں مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جائیں گے تاکہ باہمی تعاون کو مؤثر بنایا جا سکے۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے زرعی سائنسدانوں کے تبادلے اور تکنیکی تربیت کے پروگرامز شروع کیے جائیں گے تاکہ جدید تحقیق اور مہارتوں کا تبادلہ ممکن ہو سکے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زرعی ترقی صرف سرمایہ کاری سے ممکن نہیں بلکہ مشترکہ تحقیق، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ہی پائیدار ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے چینی حکومت کی جانب سے ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا اور مستقبل کی شراکت داری کے لیے لائحہ عمل طے کرنا تھا، جسے دونوں اطراف نے انتہائی مثبت اور سودمند قرار دیا۔