ہانیہ عامر اور عاشر وجاہت کی متنازع ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دوستی ختم ہوگئی؟

اداکار اور گلوکار عاشر وجاہت نے اپنے شہرت یافتہ شوبز دوستوں سے فاصلہ اختیار کرنے کی وجہ بیان کر دی۔

شوبز کی دنیا میں قریبی رفاقتیں معمول کا حصہ سمجھی جاتی ہیں، اور ہانیہ عامر کے متعدد فنکاروں کے ساتھ خوشگوار تعلقات زبان زد عام رہے ہیں۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ہانیہ عامر اور نوجوان فنکار عاشر وجاہت کو اکثر ایک ساتھ گھومتے پھرتے اور خوشگوار لمحات میں دیکھا جاتا تھا، اور ان کے درمیان قربت کی باتیں شوبز حلقوں میں بھی کی جاتی تھیں۔

مگر جون 2021 میں ایک ویڈیو منظرعام پر آئی، جس میں ہانیہ عامر، عاشر وجاہت اور ان کے بھائی نائل کو موسیقی پر لب ہلاتے اور آپس میں بےتکلفی سے لیٹے ہوئے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو غیرمناسب قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل سامنے آیا، اور یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔

اس واقعے کے بعد عاشر وجاہت اور ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر ایک ساتھ دکھائی نہیں دیے۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں بات چیت کے دوران عاشر وجاہت نے انکشاف کیا کہ ایک معروف اداکار نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ مشہور شخصیات کے ساتھ دکھائی دینے کے بجائے اپنے فن پر توجہ مرکوز کریں تاکہ ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے اور ان کا اصل ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آسکے۔

عاشر نے یہ بھی کہا کہ وہ ان دوستوں سے اب بھی ملاقات کرتے ہیں، لیکن ان لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا ضروری نہیں سمجھتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں