نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی ابتدائی کارکردگی رپورٹ جاری

اسلام آباد۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)، جو 4 اپریل 2025 کو قائم کی گئی، نے اپنی قلیل مدت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے سائبر جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی کارکردگی رپورٹ کے مطابق، اپریل سے جولائی 2025 کے درمیان کل 50,563 سائبر کرائم شکایات موصول ہوئیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز جناب عثمان خان کے مطابق:

7,247 شکایات پر باقاعدہ تحقیقات شروع کی گئیں

457 کیسز میں ایف آئی آرز درج ہوئیں

690 افراد کو گرفتار کیا گیا

عدالتوں سے 22 مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں

عثمان خان نے مزید بتایا کہ “آپریشن گرے” کے تحت غیر ملکی عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں، جو غیر ملکی کال سینٹرز کی آڑ میں سائبر جرائم میں ملوث تھے۔ ان کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے کی ریکوری عمل میں آئی۔

موصول ہونے والی شکایات میں مالیاتی فراڈ، بلیک میلنگ، ہراسانی اور ہیکنگ نمایاں جرائم رہے۔ فی الحال 14 سرکلز مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں، اور جدید ٹیکنالوجی و تربیت یافتہ عملہ ان تحقیقات کو مزید تیز کر رہا ہے۔

ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سائبر جرائم کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ سرکل یا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو۔ عوامی آگاہی اور ڈیجیٹل تحفظ کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات بھی جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں