عافیہ صدیقی کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء کو توہینِ عدالت کا نوٹس بھیجنے کا معاملہ فی الوقت مؤخر کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اس معاملے پر مؤقت کارروائی روک دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے آفس سے 16 جولائی کو ایک نوٹ موصول ہوا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ 21 جولائی کو اس کیس کی سماعت کریں گے۔
تاہم، رجسٹرار آفس کے مطابق یہ نوٹ عدالت کے ہفتہ وار روسٹر جاری ہونے کے بعد آیا، جس میں اب ترمیم کی ضرورت تھی، جس کے بعد ہی نئی کاز لسٹ جاری کی جا سکتی تھی۔ رجسٹرار کے مطابق، 16 جولائی کے بعد ہم نے مجاز اتھارٹی کو نوٹ لکھ کر اس بارے میں آگاہ کیا، تاہم تاحال اس پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کیس کو نہ تو باقاعدہ مقرر کیا گیا تھا اور نہ ہی اس پر کوئی عدالتی سماعت یا حکم جاری ہوا، اس لیے فی الحال کسی قسم کا نوٹس جاری کرنا ممکن نہیں۔ اس سلسلے میں مجاز اتھارٹی کی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عافیہ صدیقی کیس میں قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء کو توہینِ عدالت کے نوٹسز جاری کیے جا چکے تھے، اور عدالت نے دو ہفتوں میں جواب داخل کرانے کا حکم دیا تھا۔