ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری، بابر اور رضوان اپنی وقعت کھونے لگے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تازہ ترین کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بیٹرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ بھارت کے یشوی جیسوال ایک درجہ بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ نے بھی شاندار کارکردگی کے باعث چار درجے ترقی پاتے ہوئے دسویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جب کہ محمد رضوان بھی ایک درجہ نیچے کھسک کر 14ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بنگلا دیش کے تنزید حسن نے متاثرکن کارکردگی دکھاتے ہوئے 18 درجے ترقی کے ساتھ 37ویں پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔

بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ بنگلا دیش کے مستفیض الرحمان 17 درجے اوپر آ کر نویں نمبر پر فائز ہو گئے ہیں۔ بھارت کے ارشدیپ سنگھ ایک درجہ بہتری کے ساتھ 10ویں نمبر پر آ گئے، جبکہ بنگلا دیشی اسپنر مہدی حسن نے بھی 9 درجے ترقی پاتے ہوئے 16ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز نے شاندار کارکردگی کی بدولت سات درجے بہتری کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں