کیا کومل میر نے چہرے پر بوٹاکس کروایا ہے؟ اداکارہ نے بتا دیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل کومل میر نے اپنی حالیہ جسمانی تبدیلیوں کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر وضاحت پیش کی ہے۔

کومل میر، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز “مس ویٹ پاکستان” جیسے پلیٹ فارم سے کیا، حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر اپنی بدلی ہوئی شخصیت، چہرے کے نقوش اور جسامت کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ ان کی تازہ تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے کہ آیا انہوں نے چہرے پر فلرز کروائے ہیں یا وزن بڑھانے کے لیے کسی میڈیکل طریقہ کار کا سہارا لیا ہے۔

تاہم، ایک حالیہ انٹرویو میں کومل میر نے ان تمام قیاس آرائیوں کو رد کرتے ہوئے حقیقت بیان کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ دبلی پتلی رہی ہیں اور کھانے پینے سے متعلق مختلف مسائل کا سامنا کرتی آئی ہیں۔ مگر حال ہی میں انہوں نے اپنی خوراک میں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کا وزن قدرتی طور پر 6 کلو بڑھا — اور اس کا اثر سب سے زیادہ ان کے چہرے پر نظر آ رہا ہے۔

کومل کے مطابق، انہیں حال ہی میں ایک فلم کی پیشکش ہوئی تھی، جس کے لیے بتایا گیا کہ بڑی اسکرین پر بہتر نظر آنے کے لیے ایک متوازن اور صحت مند جسامت ضروری ہے، ورنہ وہ کیمرے پر چھوٹی دکھائی دیں گی۔ اسی تناظر میں انہوں نے باقاعدگی سے خوراک لینا شروع کی اور بغیر کسی بیرونی مداخلت کے فطری طور پر وزن میں اضافہ کیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کو سختی سے مسترد کیا کہ انہوں نے چہرے پر فلرز یا کسی قسم کی کاسمیٹک تبدیلی کروائی ہے۔ کومل میر نے مزید کہا کہ وہ اب خود کو نہ صرف زیادہ خوبصورت بلکہ جسمانی طور پر بھی زیادہ متوازن اور خوش محسوس کرتی ہیں، اور دوسروں کی رائے کی پرواہ کیے بغیر اپنی زندگی اپنے اصولوں پر گزار رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں