کراچی میں نوبیاہتا جوڑے کے ہاں ایک ساتھ 5 بچوں کی پیدائش

کراچی: بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی نوبیاہتا جوڑے کے ہاں ایک ساتھ 5 بچوں کی پیدائش، والدین اور میڈیکل عملہ حیران و خوش۔

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں شادی کے پہلے ہی سال ایک نوبیاہتا خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا۔ قبل از وقت ہونے والی اس پیدائش نے نہ صرف والدین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا بلکہ اسپتال کے عملے کو بھی حیران کر دیا۔

خاتون کو تشویشناک حالت میں شہر کے ایک نجی اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر آپریشن (سی سیکشن) کے ذریعے زچگی کروائی۔ اس عمل میں پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام نوزائیدہ بچوں کا وزن پیدائش کے وقت بہت کم تھا اور انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی تھی، جس کے باعث انہیں فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے یونٹ (NICU) میں منتقل کر دیا گیا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کی حالت میں بتدریج بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم وہ اب بھی مسلسل طبی نگرانی میں رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں