پنجاب ایگریکلچرل انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 متفقہ طور پر منظور

پنجاب اسمبلی کی ریونیو پر قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر پنجاب ایگریکلچرل انکم ٹیکس (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بل پہلے ہی صوبائی کابینہ سے منظور ہو چکا ہے، اور اب اسے باضابطہ طور پر جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ترمیمی بل کے مطابق، لائیو اسٹاک سے حاصل ہونے والی آمدنی پر زرعی انکم ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے، یعنی اس شعبے پر مزید کوئی زرعی ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔

ایگریکلچرل انکم ٹیکس ایکٹ میں تجویز کردہ ترامیم کا مقصد کسانوں پر مالی بوجھ کم کرنا ہے، اور اس اقدام سے لائیو اسٹاک کے شعبے کو نمایاں مالی ریلیف حاصل ہوگا۔

پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد لائیو اسٹاک آمدنی پر ٹیکس خاتمے کا یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

بل کے تحت، زرعی انکم ٹیکس ایکٹ کی سیکشن 2 کی ذیلی شق (1) کی دفعات (d) اور (e) کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جب کہ سیکشن 4-A کی شق (h) کو بھی حذف کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان ترامیم کے تحت مویشیوں سے حاصل شدہ آمدن کو زرعی آمدنی کے دائرہ کار سے خارج کر دیا جائے گا۔

تاہم، لائیو اسٹاک سے ہٹ کر دیگر زرعی شعبوں پر انکم ٹیکس بدستور نافذ العمل رہے گا، اور زرعی ٹیکس کے حوالے سے مقررہ جرمانے بھی برقرار رہیں گے۔

پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ریونیو کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین محمد اوون جہانگیر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں