اوگرا کی جانب سے آئل سپلائی چین کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پاکستان میں آئل سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس کے بعد ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا جو تکمیل کے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ یہ ڈیجیٹلائزیشن درآمدی ٹرمینلز سے لے کر فیول اسٹیشنز تک پوری سپلائی چین پر محیط ہو گا ، جس کا مقصد نظام کی خامیوں کا خاتمہ، مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام، اور توانائی کے شعبے میں عوامی اعتماد کی بحالی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین اوگرا مسرور خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئل شعبے کو بلا تاخیر مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھنا ہوگا۔ درآمد سے لے کر پٹرول پمپ تک ترسیل کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی محض انتظامی بہتری نہیں بلکہ قومی شفافیت اور دیانت داری کا تقاضا ہے۔ڈیجیٹلائزیشن اب ایک قانونی تقاضا ہے، جس کے لیے واضح مدت اور مؤثر سزائیں طے کی جا رہی ہیں تاکہ عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ تمام متعلقہ فریقین کو اس نظام سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، بصورت دیگر ریگولیٹری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس اقدام کے تحت آئل ریفائنریز، اسٹوریج ٹرمینلز، آئل ٹینکرز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ڈپوز اور ریٹیل فیول اسٹیشنز کو ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا جائے گا۔ اس ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے آئل کی ترسیل کے تمام مراحل کی مؤثر نگرانی، درست ڈیٹا کی دستیابی اور ریگولیٹری کنٹرول کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اوگرا کا یہ عملی اقدام پاکستان کو اُن ممالک کی صف میں شامل کرے گا جو توانائی کے شعبے میں ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے شفافیت اور قومی اعتماد کی بحالی کو ممکن بنا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں